چکورنی
اٹھی اٹھی سی وہ نظر الفت ، جھٹی جھٹی سی وہ زلف عظمت
کسے خبر کہ کہاں چلی ہے، چلی تو ساری فضا چلی ہے ۔
تمام عالم سرور پرور ، غرور پرور ، حضور پرور
نشہ نشہ سا جھٹک جھٹک کے مٹک مٹک کے کھٹک کھٹک کے
ذرا ذرا سا لہک لہک کے مہک مہک کے چہک چہک کے
بہکنے کو ہے تمام دنیا، تمام دنیا دوام دنیا .
مری عبارت پلٹنے والی، حجاب اقدس اٹھانے والی
وہ لڑکی گوری چکورنی ہے، وہ ہاتھ تھوڑی ہے آنے والی ۔
نگاہ مستی ، نگاہ ہستی، خدا پرستی خدا پرستی
نگاہ ایسے کہ جیسے مندر میں تازہ تازہ سی مورتی ہو
وہ تازہ تازہ سی مورتی بھی حرم کی جانب سے گھورتی ہو
جو گھورتی ہو تو نور چھلکے جو نور چھلکے تو طور ڈھلکے
کسک کسک کے، چھلک چھلک کے، لچک لچک کے، مسک مسک کے
جو تن بدن پہ شباب کی ہو وہ پوری بوتل شراب کی ہو ۔
نظر نظر میں کھٹکنے والی، شراب کچی پلانے والی
وہ لڑکی گوری چکورنی ہے، وہ ہاتھ تھوڑی ہے آنے والی ۔
بدن غزالی بدن ہلالی ، شباب حالی شباب حالی
ادھر تخیل فنا فنا ہے، ادھر تغیر بقا بقا ہے
بقا بقا ہے فنا فنا ہے ، فنا فنا ہے بقا بقا ہے
دما ددم دم، دما ددم دم، ددا د دمدم، ددا د دمدم
وہ حسن مرہم، وہ حُسن زم زم، وہ دید مریم وہ ابن مریم
تمام عالم تصوفنا، تمام موسم قلندرانہ
وہ درس شمسی سنانے والی، وہ عشق رومی پڑھانے والی
وہ لڑکی گوری چکورنی ہے، وہ ہاتھ تھوڑی ہے آنے والی۔
کلائی کنگن سے چور جیسے ، نشور جیسے ظہور جیسے
وہ نتھلی نٹ کھٹ،جلالی جھٹ پٹ، وہ بھیگی سلوٹ جمالی پنگھٹ
ادھر بھی بالی ادھر بھی بالی، ادھر بھی پائل ادھر بھی پائل
چھنن چھنن چھن ، کھنن کھنن کھن، سنن سنن بسن، جنن جنن جن
کرشمہ سازی، جہان راضی، سخن طرازی، ادا طرازی
نفیس عورت نفیس زیور، سرور اندر سرور باہر
وہ سونا چاندی پہننے والی، وہ چھم چھماتی رجھانے والی
وہ لڑکی گوری چکورنی ہے، وہ ہاتھ تھوڑی ہے آنے والی ۔
سریلا تن من ، سریلی ان بن، نشیلا جوبن ، نشیلی چلمن
یہ سر سے سر جو مچل رہے ہیں، مچل مچل کے چھلک رہے ہیں
کہ جیسے تولا ہوا بدن ہو، سروں میں گھولا ہوا بدن ہو
کہیں پہ جاری ہو نغمہ نغمہ، کہیں پہ طاری ہو کلمہ کلمہ
سا دها نی پا ما سا دها نی پا ما ، ما گا ما سا رے ما گا ما سا رے
کمر کچھ اس طرح سج رہی کہ جیسے ڈفلی سی بج رہی ہے ۔
وہ راگ حمزہ کی چلنے والی، وہ تک دھنا دھن مچانے والی ،
وہ لڑکی گوری چکورنی ہے، وہ ہاتھ تھوڑی ہے آنے والی
Join the conversation