×
Faster & lighter experience

Baad mein install karein

Menu dabayein
📲
Add to Home Screen

یہ کیا کہ فصل بہار میں بھی خزاں رسیدہ گلاب رکھنا

یہ کیا کہ فصل بہار میں بھی خزاں رسیدہ گلاب رکھنا 
گلوں سے خوشبو چرا کے اُس پر کلی کلی کا حساب رکھنا 

بزرگ پیڑوں کو بھی گلہ ہے، نجانے کس کا یہ فیصلہ ہے 
چمن کے نغمہ سرا پرندے قفس میں زیرِ عتاب رکھنا 

ہوا کی عادت بنی ہوئی ہے یہ روشنی کی مخالفت میں 
جہاں چراغوں کی لو جواں ہو وہیں کا موسم خراب رکھنا 

میں حق بجانب ڈٹا ہوا ہوں خدائے علم و بیان مجھ کو 
ہزار چبھتے ہوئے سوالوں کی زد میں حاضر جواب رکھنا 

ہٹا کے صحرا نورد چہروں سے خاک صدیوں کی مسکرانا 
چھپا کے روہی مثال آنکھوں میں آنسوؤں کے چناب رکھنا 

یہ کیا سیاست ہے کیا حکومت یہ کیا معیشت ہے کیا اذیت
نہ جن کے پیروں تلے زمیں ہو انہی سروں پہ عذاب رکھنا

ہمارا حاصل کلام یہ ہے ہمارے کرنے کا کام یہ ہے 
حزیں دلوں میں امنگ بھرنا اداس آنکھوں میں خواب رکھنا 


...
0:00
0:00
0:00