ہے کیا مزہ جنوں میں دیوانہ بن کے دیکھو
ہے کیا مزہ جنوں میں دیوانہ بن کے دیکھو
جلنے میں لطف کیا ہے پروانہ بن کے دیکھو
زاہد برا نہ مانو دو چار جام پی لو
مستی میں کیا مزہ ہے مستانہ بن کے دیکھو
گمنامیوں میں گزری عمر عزیز ساری
محفل میں آ کے بیٹھو افسانہ بن کے دیکھو
چھوڑو بھی جم کے قصے ماضی سے کیا ہو چمٹے
اے جام جم ہمارا پیمانہ بن کے دیکھو
ظلمت کدہ تمہارا اے دل ہے سونا سونا
اک شمع انجمن کا کاشانہ بن کے دیکھو
شادابیوں سے اپنی اے گلستاں ملا کیا
اب کے بہار میں تم ویرانہ بن کے دیکھو
دنیا کو دیکھ ڈالے تم دوست بن کے برسوں
اب چند روز مظہرؔ بیگانہ بن کے دیکھو
Join the conversation