×
Faster & lighter experience

Baad mein install karein

Menu dabayein
📲
Add to Home Screen

کیا یہاں دیکھیے کیا وہاں دیکھیے

کیا یہاں دیکھیے کیا وہاں دیکھیے
آپ ہی آپ ہیں اب جہاں دیکھیے

گھر جلا دیکھیے وہ دھواں دیکھیے
آگ پہنچی کہاں سے کہاں دیکھیے

دیکھیے تا کمر زلف کا شعبدہ
الجھنیں بن گئیں داستاں دیکھیے

مجھ کو معلوم ہے آپ معصوم ہیں
جل گیا ہوگا یوں ہی مکاں دیکھیے

بجھ گئی شمع پروانے رخصت ہوئے
لٹ گیا شوق کا کارواں دیکھیے

عشق روز ازل سے متاع یقیں
حسن ہے آج بھی بد گماں دیکھیے

آئیے میرے دل میں بھی وقت غزل
ایک دریائے آتش رواں دیکھیے

حسن کی احتیاط حسیں دیکھ کر
عشق کا التہاب گراں دیکھیے

اس تماشے کا جب آپ کو شوق ہے
ہم جلاتے ہیں اپنا مکاں دیکھیے

عصمت دل ہے اور غم کا آتش کدہ
آگ بن جائے گی گلستاں دیکھیے

اشتیاق جبیں اپنا دیکھیں گے ہم
آپ ویرانئ آستاں دیکھیے

آپ کے سامنے اور تاب سخن
خوش بیاں کتنے ہیں بے زباں دیکھیے

طور ہی کی طرح جل نہ جائے کہیں
جلوہ باری سے پہلے مکاں دیکھیے

رمز و ایما غزل کی اگر جان ہیں
آپ طرزیؔ کا حسن بیاں دیکھیے

...
0:00
0:00
0:00