×
Faster & lighter experience

Baad mein install karein

Menu dabayein
📲
Add to Home Screen

تو کیا یہ آخری خواہش ہے اچھا بھول جاؤں

تو کیا یہ آخری خواہش ہے اچھا بھول جاؤں
جہاں بھی جو بھی ہے تیرے علاوہ بھول جاؤں

تو کیا یہ دوسرا ہی عشق اصلی عشق سمجھوں
تو پہلا تجربے کی ذیل میں تھا بھول جاؤں

تو کیا اتنا ہی آساں ہے کسی کو بھول جانا
کہ بس باتوں ہی باتوں میں بھلاتا بھول جاؤں

کبھی کہتا ہوں اس کو یاد رکھنا ٹھیک ہوگا
مگر پھر سوچتا ہوں فائدہ کیا بھول جاؤں

تو کیا یہ دسترس اک روز حاصل ہوگی مجھ کو
کہ ہر پل دھیان میں رکھوں اسے یا بھول جاؤں

یہ کوئی قتل تھوڑی ہے کہ بات آئی گئی ہو
میں اور اپنا نظر انداز ہونا بھول جاؤں

ہیں اتنی جزئیات اس سانحے کی پوچھیے مت
میں کیا کیا یاد رکھوں اور کیا کیا بھول جاؤں

کوئی کب تک کسی کی بے وفائی یاد رکھے
بہت ممکن ہے میں بھی رفتہ رفتہ بھول جاؤں

تو کیا یہ کہہ کے خود کو مطمئن کر لو گے جواد
کہ وہ ہے بھی اسی لائق لہٰذا بھول جاؤں

...
0:00
0:00
0:00