×
Faster & lighter experience

Baad mein install karein

Menu dabayein
📲
Add to Home Screen

جھگڑنا کاہے کا میرے بھائی پڑی رہے گی

جھگڑنا کاہے کا میرے بھائی پڑی رہے گی
یہ باپ دادا کی سب کمائی پڑی رہے گی

اندھیرے کمرے میں رقص کرتی رہے گی وحشت
اور ایک کونے میں پارسائی پڑی رہے گی

ہوا کی منت کرو کہ گھر کے دیے بجھے تو
اداس ہو کر دیا سلائی پڑی رہے گی

ہماری نظروں سے اور اوجھل اگر ہوئے تم
زمانے بھر کی یہ روشنائی پڑی رہے گی

تمہارے جانے کے بعد کیسی محلے داری
یقین کر لو بنی بنائی پڑی رہے گی

تمہارے ہاتھوں کا لمس کافی ہے لوٹ آؤ
میں ٹھیک ہو جاؤں گی دوائی پڑی رہے گی

بزرگ رخصت ہوئے ہیں لیکن بر‌ آمدے میں
پرانے وقتوں کی چارپائی پڑی رہے گی


...
0:00
0:00
0:00